غزہ میں محصور فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری مسلسل 21ویں روز بھی جاری ہے۔ غزہ کی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں میں آج مزید 298 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، شہداء کی مجموعی تعداد 7326 ہوگئی ہے۔
فلسطینی شہداء میں 3038 بچے، 1726خواتین اور 414 ضعیف العمر بزرگ شامل ہیں، فلسطینی حکام کے مطابق ہزاروں فلسطینی تاحال اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔
اس دوران حماس نے مذاکرات کاروں پر واضح کردیا ہے کہ پہلے اسرائیل غزہ پر بمباری بند کرے اور جنگ بندی پر راضی ہو اس کے بعد یرغمالیوں کو رہا کریں گے۔ روسی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے امن مذاکرات قطر کی ثالثی میں جاری ہیں اور اس حوالے سے حماس کے وفد کے ایک رکن کا بیان سامنے آیا ہے۔
حماس کا ایک وفد امن مذاکرات کے سلسلے میں اس وقت روس کے دارالحکومت ماسکو میں موجود ہے۔ اسرائیل اپنے یرغمالیوں کی جلد از جلد رہائی پر زور دے رہی ہے جب کہ حماس کا مطالبہ فوری جنگ بندی ہے۔