حیدرآباد (دکن فائلز) کَل رات آندھرا پردیش کے وجیانگرم میں دو مسافر ٹرینوں کے ٹکرا جانے سے کم سے کم 14افراد ہلاک اور تقریباً 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ مشرقی سرحدی ریلوے کے سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ کنکٹاپلی کے مقام پر پلاسا مسافر ٹرین، رائے گڑھ مسافر ٹرین سے پیچھے کی جانب سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے ٹرین کے تین ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
زخمیوں کو وِشاکھا پٹنم اور وجیانگرم کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ بچاوکی کارروائی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اور ریلوے کی ٹیمیں قریبی تال میل کے ساتھ کام کررہی ہیں۔ وزیرِ موصوف نے مزید کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے قریبی رشتہ داروں کو 10-10 لاکھ روپے، جبکہ شدید طور پر زخمی افراد کو ڈھائی-ڈھائی لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
مشرقی سرحدی ریلوے کے اعلیٰ رابطہ عامہ افسر بسواجیت ساہو نے کہا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آندھراپردیش کے وجیانگرم میں مسافر ٹرین کے پٹری سے اترنے کے سبب جانی اتلاف پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مرمو نے کہا کہ اُن کی دعائیں غمزدہ اہل خانہ کے ساتھ ہےں۔ انھوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے کہا ہے کہ افسوسناک ٹرین حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہونے سے انھیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انھوں نے مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی ریلوے کے وزیر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انھوں نے حالات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے غمزدہ اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی۔ وزیر اعظم نے حادثے کے مہلوکین کے قریبی رشتے داروں کیلئے وزیر اعظم قومی راحتی فنڈ سے دو-دو لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ زخمیوں کو 50-50 ہزار رپے دئے جائیں گے۔
آندھرا پردیش حکومت نے ریاست سے تعلق رکھنے والے مہلوکین کے قریبی رشتے داروں کیلئے 10-10 لاکھ روپے اور زخمی افراد کو دو-دو لاکھ روپے، جبکہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مہلوکین کیلئے دو-دو لاکھ روپے اور زخمیوں کےلئے 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔