حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کئی دنوں سے جاری تجسس کو آج ختم کرتے ہوئے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کےلئے پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ مجلس 9 حلقوں پر مقابلہ کرے گی تاہم اسدالدین اویسی نے آج صرف 6 ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد دیگر 3 امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا۔
صدر مجلس نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے حلقہ چندرائن گٹہ سے اکبر الدین اویسی، یاقوت پورہ سے جعفر حسین معراج، چارمینار سے میر ذوالفقار علی، ملک پیٹ سے احمد بلعلہ، نامپلی سے ماجد حسین اور کاروان سے کوثر محی الدین امیدوار ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ اس بار دو ارکان اسمبلی کو موقع نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز احمد خان اور احمد پاشاہ قادری کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ لیا گیا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ممتاز احمد خان اور احمد پاشاہ قادری انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی جیت کےلئے کام کریں گے۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ بہت جلد حلقہ اسمبلی راجندر نگر، بہادر پورہ اور جوبلی ہلز سے پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔


