غزہ میں صہیونی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں، گزشتہ روز بھی مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج بنے، اور نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پُل پر نماز ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، امریکا، برطانیہ، جاپان، میکسیکو اور ایمسٹرڈیم میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، مراکش میں تین لاکھ افراد نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔
جنوبی امریکی ملک چلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا، امریکی شہر نیویارک میں غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا اور مسلمانوں نے مین ہٹن پُل پر نماز ادا کی، مظاہرین ’ون ٹو تھری فور آکیوپیشن نو مور‘ اور ’اسرائیل دشت گرد ریاست ہے‘ کے نعرے لگاتے رہے، ایمسٹرڈیم میں بھی سینٹرل اسٹیشن پر ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور آزاد فلسطین اور جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے رہے۔