حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے تلنگانہ کانگریس کے سربراہ ریونت ریڈی پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کانگریس رہنما کو آر ایس ایس کی کٹھ پتلی قرار دیا۔
اسدالدین اویسی حیدرآباد میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پر تنقید کرنے کےلئے تمہارے پاس کچھ نہیں ہے، تم ہمارے کپڑوں کی بات کرتے ہو، یہ گندی سیاست ہے‘۔ اویسی نے ریونت ریڈی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’تم، آر ایس ایس کی کٹھ پتلی ہو‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس میں کوئی فرق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں ریونت ریڈی نے اسدالدین اویسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے تبصرہ کیا تھا کہ ’شیروانی کے اندر آر ایس ایس کی چڈی پہنتے ہیں‘۔
اسدالدین اویسی نے مزید کہا کہ ریونت ریڈی نے اپنی سیاسی زندگی کی شروعات آر ایس ایس سے کی تھی اور پھر تلگودیشم میں شامل ہوئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے انہیں ریاست میں پارٹی کا صدر بنایا، جس کے بعد گاندھی بھون میں موہن بھگوت کا قبضہ ہوگیا۔


