القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کا ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد امریکی عوام کے نام لکھا گیا 2002ء کا خط ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ گزشتہ روز ٹک ٹاک نے ’امریکہ کو لکھے گئے خط‘ کے بارے میں ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اپنے سرچ فنکشن سے ’لیٹر ٹو امریکا‘کا ہیش ٹیگ ہٹا دیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کے مطابق ٹک ٹاک سے ہٹائے جانے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اسے دوبارہ اپ لوڈ کیا گیا ہے، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے کہا ہے کہ القاعدہ کے بانی کی دستاویز مشرق وسطیٰ میں حالیہ تنازعات میں امریکا کی شمولیت کے بارے میں ایک متبادل نقطۂ نظر پیش کرتا ہے۔
پورے ہفتے کے دوران ٹک ٹاک صارفین بن لادن کے خط کا لنک شیئر کرتے رہے جو 11 ستمبر 2001ء کے حملوں کے تقریباً ایک سال بعد لکھا گیا تھا۔ دی گارڈین نے یہ خط شائع کیے تھے تاہم برطانوی اخبار نے بدھ کو اسے اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا تھا۔
20 سال پرانے خط کے چرچے اس ہفتے اسرائیل اور حماس جنگ پر بحث کے تناظر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پھیل چکے ہیں۔