حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما و حلقہ چندرائن گٹہ سے پارٹی امیدوار اکبرالدین اویسی کے خلاف سنتوش نگر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی سی پی ساتھ ایسٹ زون روہت راجو نے بتایا کہ سنتوش نگر کے ایس ایچ او کی شکایت پر اکبر الدین اویسی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دفعہ 353 (سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ) کے علاوہ دیگر متعلقہ سیکشنز کے تحت اکبرالدین اویسی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 21 نومبر کی رات سنتوش نگر پولیس حدود میں اکبرالدین اویسی ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے کہ مبینہ طور پر پولیس عہدیدار نے انہیں وقت ختم ہونے سے متعلق کچھ کہا، جس پر اکبرالدین اویسی کو غصہ آیا اور انہوں نے پولیس عہدیدار سے کہا کہ ابھی پانچ منٹ باقی ہے۔ اس موقع پر اکبرالدین اویسی نے پولیس عہدیدار پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔


