تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد سب سے پہلے ریونت ریڈی کیا کریں گے؟

حیدرآباد (دکن فائلز) ریونت ریڈی کل وزیراعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گے اور حلف لینے کے فوری بعد وہ رجنی نامی معذور خاتون کو سرکاری ملازمت دینے سے متعلق فائل پر دستخط کریں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد پہلی ملازمت ایک معذور خاتون کو دی جائے گی۔ کل چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد ریونت ریڈی رجنی نامی خاتون کو نوکری دیں گے۔

رجنی کو حلف برداری تقریب میں شرکت کےلئے دعوت نامہ بھیجا گیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے گزشتہ اکتوبر میں رجنی سے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے پر وہ اسے سرکاری ملازمت دیں گے جبکہ رجنی نے ریونت ریڈی سے شکایت کی تھی کہ پی جی مکمل کرنے کے باوجود اسے پرائیویٹ یا سرکاری نوکری نہیں مل رہی ہے۔

حیدرآباد کے نامپلی میں رہنے والی رجنی کو ریونت نے یقین دلایا تھا کہ جس دن کانگریس پارٹی کی حکومت بنے گی اسے سرکاری نوکری دی جائے گی، اس سلسلہ مںی ریونت ریڈی نے رجنی کو گارنٹی کارڈ بھی دیا تھا۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں حلف برداری تقریب منعقد ہوگی جس میں ریونت ریڈی تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں