ریونت ریڈی کی کابینہ میں مسلم چہرہ ندارد!

حیدرآباد (دکن فائلز) ریونت ریڈی نے آج تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر نے ریونت ریڈی کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ریونت ریڈی کی کابینہ نے بھی اس موقع پر حلف لیا۔ ان کی کابینہ میں ایک نائب وزیرعلیٰ کے علاوہ دیگر 10 وزرا شامل ہیں جنہوں نے آج حلف لیا۔

دلت رہنما ملو بھٹی وکرمارکا نے نائب وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ اس کے علاوہ اتم کمار ریڈی، دامودر راجہ نرسمہا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو، ڈی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، کونڈا سریکھا، سیتاکا، تملا ناگیشور راؤ اور جوپلی کرشنا راؤ نے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

جی پرساد کمار نے اسپیکر کے طور پر حلف لیا۔ تلنگانہ اسمبلی کے نئے اسپیکر جی پرساد کمار ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کی نئی حکومت میں ایک بھی مسلم چہرہ نہیں ہے۔ کسی بھی مسلم رہنما کو کابینہ میں جگہ نہیں دی گئی۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا کوئی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق بہت جلد کسی مسلم رہنما کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ محمد علی شبیر کو ایم ایل سی بناکر نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ پر بھی فائز کیا جاسکتا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ تلنگانہ کی نئی کابینہ میں بہت جلد مسلمانوں کو نمائندگی دی جائے گی۔ متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں پہلی بار کابینہ میں ایک بھی مسلم چہرہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں