حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے انٹر کے سالانہ امتحانات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ گذشتہ امتحانات کے برعکس، اس بار امتحانات جلد منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 2024 میں منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا یکم مارچ سے آغاز ہوسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔
تلنگانہ میں انٹر کے سالانہ امتحانات جلد از جلد منعقد کرنے سے متعلق فیصلہ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ چونکہ آئندہ سال اپریل یا مئی میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہوں گے جس کی وجہ سے بورڈ کو یہ تشویش لاحق ہے کہ امتحانات اور جوابی پرچوں کی جانچ میں دشواری ہوسکتی ہے، اس لئے سالانہ امتحانات کو جلدازجلد منعد کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اگر انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات جلد منعقد کیے جاتے ہیں تو پرچوں کی جانچ کا عمل آسان ہوجائے گا اور اس سلسلہ میں کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ سالانہ امتحانات کا 15 مارچ 2023 سے آغاز ہوا تھا جبکہ اس بار یکم مارچ سے امتحانات شروع کرنے سے متعلق تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ وہیں پریکٹیکلز فروری میں ہی منعقد ہونے کا امکان ہے۔
نئے وزیرتعلیم سالانہ امتحانات سے متعلق جلد فیصلہ لیں گے۔


