حیدرآباد (دکن فائلز) پولیس کمشنر کوٹھا کوٹا سرینواس ریڈی نے منشیات فروشوں کو خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تلنگانہ کو منشیات سے پاک ریاست بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیا۔ سرینواس ریڈی جو پہلے گرے ہاؤنڈس اور آکٹوپس میں کام کرچکے ہیں، ایک سیدھے سادھے افسر کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔
سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا شکریہ ادا کیا کہ، انہوں نے ان کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا اور انہیں سی پی کی ذمہ داریاں سونپیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف ہراسانی کے واقعات کے خلاف شی ٹیمز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
کوٹھا کوٹا سرینیواس ریڈی، 1994 بیچ کے ایک آئی پی ایس افسر ہیں جو پہلے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، آرگنائزیشنز اینڈ لیگل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، نے آج حیدرآباد پولیس کمشنر کا چارج سنبھال لیا۔ گذشتہ روز جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے انہیں سٹی پولیس کمشنر مقرر کیا تھا۔
سابق سٹی پولیس کمشنر سندیپ شنڈالیا کو اب ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹکس بیورو کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جی سدھیر بابو جو ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک حیدرآباد کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے کا تبادلہ کرکے رچہ کونڈہ پولیس کمشنر کے طور پر تقرر کیا گیا ہے۔ وہیں سائبرآباد کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ایڈمن) اویناش موہنتھی کو سائبرآباد پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
ان تبادلوں کی وجہ سے، دیویندر سنگھ چوہان آئی پی ایس، اور ایم اسٹیفن رویندر آئی پی ایس کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


