اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی سے متعلق غیر واجب العمل (Non binding) قرارداد منظور کر لی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 193 رکنی پارلیمان میں 153 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکا اور اسرائیل سمیت 10 ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی اور 23 ممالک ووٹنگ کے عمل سے غیرحاضر رہے۔
جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دینے والے ممالک میں امریکہ اور اسرائیل کے علاوہ چیک ریپبلک، آسٹریا، گؤٹے مالا، پیراگوئی، پاپوا نیوگینی، لائبیریا اور مائیکرونیشیا سمیت نؤرو جیسے ممالک شامل ہیں۔
حماس کی جانب سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی فوری سیز فائر کی قراردادکی منظوری کا خیر مقدم کیا گیا ہے اور حماس نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ اسرائیل سے اس قرارداد پرعمل کرائے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے حق میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کر لی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق ’شہریوں کے تحفظ اور قانونی و انسانی ذمہ داریوں کی پاسداری‘ پر جنرل اسمبلی نے خصوصی ہنگامی اجلاس بلایا تھا جس میں یہ قرارداد پیش کی گئی تھی۔ سکیورٹی کونسل میں امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کی مخالفت میں ووٹ کرنے پر مصر نے بطور عرب گروپ اور موریتانیہ نے اسلامی اتحاد کے سربراہ کے طور پر ہنگامی اجلاس بلایا تھا۔


