اسمبلی میں اکبرالدین اویسی کی تقریر: پرانے شہر کی ترقی، اماموں کے اعزازیہ میں اضافہ اور ڈی ایس سی میں تمام اردو کی آسامیوں پر بھرتی کا مطالبہ

حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند اتحادالمسلمین کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے آج اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے حیدرآباد کے پرانے شہر کی ترقی پر کانگریس حکومت کی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے پرانے شہر کی ترقی کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پرانے شہر کی ترقی کے لئے حکومت سے مکمل تعاون کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے ریاست کے اماموں کے اعزازیہ کو بڑھانے اور مدرسہ بورڈ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اکبراالدین اویسی نے اپنی تقریر میں کانگریس اور بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں ایک بھی مسلم امیدوار کو جتانے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وائی ایس آر کی تفریف کی۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے شادی مبارک کی زیر التواء درخواستوں کو جلد از جلد منظور کرنے کی اپیل کی۔ اکبرالدین اویسی نے کہا کہ پرانے شہر میں سڑکوں کو کشادہ کرنے کا کام زیر التوا ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈی ایس سی میں اردو کی تمام آسامیوں کو پر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مجلسی رہنما نے کہا کہ وہ ایوان میں تعمیری اپوزیشن کے طور پر کام کریں گے۔ اکبرالدین نے کے سی آر حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت میں اردو کو اہمیت دی گئی تھی۔ انہوں نے سی ایم ریونت ریڈی سے کہا کہ وہ اردو کو مناسب اہمیت دیں۔

اویسی نے کہا کہ حال ہی میں کچھ اخبارات میں یہ خبریں آئی ہیں کہ کانگریس اور ایم آئی ایم کے درمیان اتحاد ہو گا۔ اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ تعمیری اپوزیشن کے طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اچھا کام کرے گی تو اس کی تعریف کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں