حیدرآباد (دکن فائلز) اعلیٰ طبی تعلیم کے حصول کے لیے امریکہ جانے والی مسلم خاتون کی حادثاتی موت واقع ہوئی۔ شکاگو میں سفر کے دوران کار میں گیس کے اخراج کی وہ سے شیخ ظہیرہ ناز بیہوش ہوگئیں۔ ناز کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
22 سالہ ظہیرہ شیخ ناز کا تعلق آندھراپردیش کے وجئے واڑہ سے تھا وہ فزیو تھراپی میں ڈگری کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایم ایس کرنے کے لیے گذشتہ اگست کو امریکہ کے شہر شکاگو گئی تھیں۔ اس واقعہ میں کار ڈرائیور کی بھی موت ہوگئی۔
ناز کے دوستوں نے گھر والوں کو اس کی اطلاع دی۔ وجئے واڑہ میں اہل خانہ ناز کی موت سے شدید غمزدہ ہیں۔ والدین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ جانے والی ان کی بیٹی کی اس طرح موت ہوگی۔ ناز کے اہل خانہ نے حکومت سے میت کو ان کے آبائی مقام تک پہنچانے میں مدد کرنے کی التجا کی۔


