تلنگانہ میں کورونا کے کیسز میں اضافہ، عثمانیہ ہاسپٹل میں کوویڈ سے متاثر دو مریضوں کی موت

حیدرآباد (دکن فائلز) دنیا بھر میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں کے علاوہ تلنگانہ میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اس وبا سے 3 اموات ہوئی ہیں۔ وہیں تلنگانہ میں سال 2023 کی کورونا سے پہلی موت درج ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے عثمانیہ اسپتال میں کووڈ سے دو مریضوں کی موت ہوگئی۔

تلنگانہ میں بھی کووڈ کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ فی الحال 55 ایکٹو کیسز ہیں۔ صرف حیدرآباد میں 45 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

عثمانیہ اسپتال میں دو کورونا مثبت مریضوں کی موت ہوگئی۔ دونوں کو کچھ روز قبل صحت کے دیگر مسائل کے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ ان میں سے ایک شخص کی عمر 60 سال اور دوسرے کی عمر 42 سال تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں میں سے ایک پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا تھا جبکہ دوسرا مریض دیگر صحت سے متعلق مسائل میں مبتلا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں