پرجا بھون واقعہ: سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کے فرزند راحیل کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد (دکن فائلز) پولیس بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی کے بیٹے کی سرگرمی سے تلاش کررہی ہے جس نے تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کی سرکاری رہائش گاہ پرجا بھون کے سامنے رکاوٹوں سے بی ایم ڈبلیو کار کو ٹکرایا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 24 دسمبر کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔ بیگم پیٹ علاقے میں پرجا بھون کے سامنے ایک کار تیز رفتاری سے رکاوٹوں سے ٹکراگئی تھی۔

پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ابراہیم نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم بعد میں تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس واقعہ میں بودھن کے سابق ایم ایل اے عامر شکیل کے فرزند راحیل ملوث ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس وجے کمار نے کہا کہ مبینہ طور پر راحیل حادثہ کے وقت کار چلارہے تھے لیکن انہوں نے ایک دوسرے شخص کو ڈرائیور کے طور پر پیش کیا۔ اس لئے راحیل پر پولیس کو گمراہ کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

ڈی سی پی نے کہاکہ ’سابق ایم ایل اے کے گھر میں کام کرنے والے ایک غیر متعلقہ فرد ابراہیم کو ڈرائیور کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ راحیل مفرور ہے اور پولیس اس کی تلاش میں ہے۔ افسر نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے راحیل کو فرار ہونے میں مدد کی اور تحقیقات کو گمراہ کیا۔

واضح رہے کہ عامر شکیل کے بیٹے پر اس قبل بھی تیز رفتار سے گاڑی چلانے اور سڑک کنارہ غبارے بیچنے والوں کو ٹکر مارنے کا الزام ہے۔ اس واقعہ میں ایک دو ماہ کا بچہ ہلاک جبکہ دیگر چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ یہ واقعہ گزشتہ سال مارچ میں جوبلی ہلز علاقہ میں پیش آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں