حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ بورڈ نے 28 فروری سے انٹر کے سالانہ امتحانات شروع کرنے سے متعلق شیڈول سے حکومت کو واقف کروایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کےلئے تین شیڈول تیار کئے ہیں اور ان تینوں کو حکومت کے پاس روانہ کردیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ حکومت کی جانب سے کس شیڈول کو منتخب کیا جاتا ہے۔
محکمہ تعلیم نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے آغاز کےلئے تینوں تاریخوں پر مشتمل شیڈول بنایا ہے، جن میں 28 فروری، ایکم مارچ اور 5 مارچ 2024 کی تاریخیں شامل ہیں۔ بورڈ نے تین شیڈولس سے متعلق تجویز حکومت کو روانہ کی ہے۔ ریونت ریڈی کی حکومت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد امتحانات کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی۔ امکان ہے کہ امتحانات قطعی شیڈول اندرون ایک ہفتہ جاری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سال 9 لاکھ سے زیادہ طلبا انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شرکت کریں گے۔ 2024 میں لوک سبھا انتخابات کے پس منظر میں سالانہ امتحانات کو پہلے ہی منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ 20 جنوری کے بعد پری فائنل امتحانات اور فروری کے پہلے ہفتے میں پریکٹیکل امتحانات منعقد ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلہ میں جلد اعلان کیا جائے گا۔


