نئے راشن کارڈ کے خواہشمند افراد کےلئے ضروری اطلاع (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے نئے راشن کارڈ سے متعلق اعلان کرنے کے بعد سے عوام راشن کارڈ حاصل کرنے کےلئے فکرمند ہیں۔ اسی دوران کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے کچھ رہنماؤں نے نئے راشن کارڈ کے خواہشمند افراد کو سب سے پہلے انکم سرٹیفیکٹ بنانے کا مشورہ دیا تھا تاکہ بعد میں کسی امکانی مشکل سے بچا جاسکے۔

تاہم نامپلی کے رکن اسمبلی ماجد حسین نے آصف نگر ایم آر او سے اس سلسلہ میں ربط قائم کیا اور وضاحت طلب کی۔ جس پر آصف نگر کے تحصیلدار نے کہا کہ ’نئے راشن کارڈ کےلئے درخواست دینے کے خواہشمند افراد کےلئے انکم سرٹیفیکٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔ انہوں نے عوام سے غیرضروری طور پر انکم سرٹیفیکٹ کےلئے درخواست نہ دینے کی اپیل کی۔ سرینواستوا نے بتایا کہ نئے راشن کارڈ کی درخواست کے لیے انکم سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ نئے راشن کارڈ کےلئے ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی حکمنامہ جاری نہیں کیا گیا۔ 28 دسمبر سے پرچا پالنا مہم کے تحت کانگریس حکومت کی جانب سے 5 ضمانتوں کےلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی جن میں پانچ سو روپئے میں گیس سلنڈر، 200 یونٹ مفت برقی، رعیتو بھروسہ، اندرا مکان اسکیم وغیرہ شامل ہیں۔ ریاستی حکومت نے واضح کیا کہ ان ضمانتوں کےلئے راشن کارڈ ضروری نہیں ہے جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے ایسے لوگ بھی 5 ضمانتوں کےلئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔

نئے راشن کارڈ کےلئے حکومت کی جانب سے بہت جلد احکامات جاری کرنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں