حیدرآباد (دکن فائلز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرجا پالنا (چھ ضمانتوں سے متعلق) درخواستوں کی فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو درخواست گذاروں کی ضرورت کے مطابق زیادہ سے زیادہ تعداد میں درخواستیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے پرانے استفادہ کنندگان کو الجھن کا شکار نہ ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے پہلے سے رعیتو بندھو اور پنشن حاصل کرنے والوں سے کہا کہ انہیں درخواست داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، صرف نئے لوگ درخواست دے سکتے ہیں۔
ریونت ریڈی نے آج چیف سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری کے ساتھ پرجا پالنا پروگرام سے متعلق جائزہ لیا۔ انہوں نے درخواستوں کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی بھی ہدایت دی۔ قبل ازیں چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے پرجا پالنا پروگرام کےلئے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسکیم کے درخواست فارمس کی فروخت کی جو شکایات موصول ہورہی ہیں کاروائی کرتے ہوئے اس طرح کی شکایات کو ختم کرنے کی ہدایت بھی دی۔


