حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جعلی ادویات کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کچھ بدمعاش تھوڑے سے پیسوں کےلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ حیدرآباد میں ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے ایک ایسے ہی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جو مشہور کمپنیوں کے لیبل لگا کر مارکٹ میں غیر معیاری ادویات فروخت کر رہے تھے۔ ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے کی نقلی ادویات کو ضبط کیاگیا۔
لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے بدمعاشوں کے گھروں اور گودام پر پولیس نے چھاپہ مارا اور بھاری مقدار میں جعلی ادویات ضبط کی گئیں۔ ڈائرکٹر آف ڈرگس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کملاسن ریڈی نے بتایا کہ گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے حیدرآباد کے دلسکھ نگر اور اپل علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور گروہ کے چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزمان اتراکھنڈ سے جعلی ادویات شہر لاکر بڑی مقدار میں فروخت کررہے تھے۔ گروہ کے قبصہ سے تقریباً 26 لاکھ روپے کی جعلی ادویات ضبط کی گئی۔ ملزمین کی شناخت دلسکھ نگر کے پی لکشمن، پی رمیش جو سعید آباد میں میڈیکل ایجنسی چلاتے تھے کے علاوہ شیوا گنگا ٹھیٹر کے قریب گودام کے مالک پی لکشمن کے طور پر کی گئی۔ یہ تینوں نقلی دوائیں اتراکھنڈ کے کاشی پور سے کورئیر کے ذریعے منگواتے اور ان پر مشہور برانڈز جیسے سن فارما، گلین مارک، ارسٹو فارما، ٹورنٹو فارما وغیرہ کے لیبل لگاکر مختلف میڈیکل اسٹورس میں فروخت کرتے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجم عابدہ کی نگرانی میں ڈرگس انسپکٹرز بی لکشمی نارائنا، وی روی کمار، جی انیل، اے این۔ کرانتی کمار، ایل راجو اور جے ناگراجو پر مشتمل ٹیم نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔


