حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں راشن کارڈ استفادہ کنندگان کو ای۔کے وائی سی E-KYC کےلئے ایک اور موقع دیا ہے۔ گذشتہ دو ماہ سے جاری ای۔کے وائی سی عمل میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ راشن کارڈ رکھنے والے حضرات اب 31 جنوری تک کسی بھی راشن کی دکان میں جاکر ای۔ کے وائی سی کرواسکتے ہیں۔
سول سپلائی کمشنر دیویندر سنگھ چوہان نے اس سلسلے میں احکامات جاری کیے ہیں۔ بوگس راشن کارڈ کی نشاندہی کے علاوہ اشیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کے وائی سی کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ گذشتہ 9 سالوں کے دوران بہت سے افراد کا انتقال ہوچکا ہے اور کئی لڑکیاں شادی کے بعد سسرال چلی گئیں لیکن ان کے نام ابھی بھی راشن کارڈ میں شامل ہیں۔ نئے راشن کارڈ جاری کرنے سے پہلے ایسے افراد کی نشاندہی کرکے ناموں کو خارج کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔
کے وائی سی کےلئے ان تمام افراد کو جن کے نام راشن کارڈ میں درج ہیں انہیں اپنے فنگر پرنٹ اور آنکھ کی پتلی کی شناخت کرانی ہوگی۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران ریاست بھر میں 70.80 فیصد ای-کے وائی سی مکمل ہوچکا ہے جبکہ میڑچل، ملکاجگری میں سب سے زیادہ 87.81 فیصد لوگ کے وائی سی کراچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد خاصکر پرانے شہر میں ای۔کے وائی سی کا عمل کم ہوا ہے۔
ایسے افراد جن کے پاس فوڈ سیکوریٹی کارڈ (راشن کارڈ) ہے اور انہوں نے ابھی تک کے وائی سی نہیں کرائی ہے تو وہ جلدازجلد کسی بھی راشن کی دکان پر جائیں اور اپنے تمام افراد خاندان کا ای کے وائی سی کرائیں۔


