حیدرآباد (دکن فائلز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میٹرو ٹرین کے تعلق سے اہم اعلان کیا ہے۔ شمس آباد ایرپورٹ کیلئے اُنہوں نے میٹرو ٹرین کے راستے کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ عوام کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے میٹرو ٹرین کو ایم جی بی ایس سے براہ پرانا شہر ایرپورٹ تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے پرانے شہر کو ایک اور میٹرو روٹ سے بھی جوڑنے کی ہدایت دی جس کے بعد ناگول سے براہ ایل بی نگر و چندرائن گٹہ، ایئرپورٹ کو میٹرو سے جورا جائے گا۔ اس طرح اب پرانے شہر میں میٹرو ریل کی دو روٹس کو جوڑا جائے گا جس سے یہاں رہنے والوں کو کافی فائدہ ہوگا اور علاقہ میں ترقی ہوگی۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق میاں پور سے ضرورت پڑنے پر رام چندرا پورم تک میٹرو ٹرین کو توسیع دی جائے گی۔ مائینڈ اسپیس سے فینانشیل ڈسٹرکٹ تک میٹرو ٹرین خدمات کو توسیع دینے پر بھی غور کیاجائے گا۔
چیف منسٹر نے فارماسٹی کیلئے رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کے درمیان کلسٹرس قائم کرنے کا تیقن دیا۔ اُنہوں نے بتایاکہ یہ کلسٹرس آلودگی سے پاک رہیں گی۔ انہی مقامات پر صنعتوں میں کام کرنےوالوں کیلئے مکانات بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے بتایاکہ سابقہ سی ایم کیمپ آفس کو سرکاری گیسٹ ہاؤٌز میں تبدیل کیاجائے گا۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ یونیورسٹی قائم کی جائے گی جہاں بیرون ملک جانے والوں کو تربیت فراہم کی جائے گی
چیف منسٹر نے بتایاکہ تین جنوری سے پی سی سی کا توسیعی اجلاس منعقد کیاجارہا ہے۔ انتخابات کے وقت دیئے گئے وعدوں کے مطابق عہدے دیئے جائیں گے۔ پارٹی کیلئے کام کرنے والوں کانامزد عہدوں پر تقرر کیاجائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ پریس اکیڈیمی صدرنشین کے عہدہ پر بھی بھرتی کی جائے گی۔


