جاپانی طیارہ لینڈنگ کے وقت جل کر تباہ، 379 افراد کو بچالیا گیا (حادثہ کے وقت طیارہ کے اندر کے مناظر کا خوفناک ویڈیو)

(ایجنسیز) ٹوکیو ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرنے والے مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی ائیر لائن کا مسافر طیارہ ٹوکیو کے ائیرپورٹ پر جیسے ہی اترا تو اس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، طیارے میں آگ لگتے ہی ریسکیو ٹیمیں رن وے پر جا پہنچیں اور مسافروں کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارے میں 367 مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ مسافر طیارہ تیز رفتاری سے رن وے پر اترا، طیارہ ائیرپورٹ پر ہی کھڑے کوسٹ گارڈ کےا یک جیٹ سے ٹکرایا جس میں 6 افراد سوار تھے جن میں سے ایک باہر نکل آیا تاہم 5 افراد سے متعلق فوری طور پر کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ٹوکیو ائیر پورٹ پر جہاز میں آگ لگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں جہاز کی کھڑکیوں سے آگ کو نکلتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واقعہ کے فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب جہاز لینڈ کر رہا تھا تو وہ وہاں کھڑے ایک کوسٹ گارڈ ایئر کرافٹ سے ٹکرا گیا جس میں جاپان میں آنے والے کل کے زلزلے کے متاثرین کے لیے امدادی سامان لدا ہوا تھا۔

یہ حادثہ جاپان کے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر 55 منٹ پر پیش آیا۔ آتشزدگی کا شکار ہونے والا جاپان ایئر لائنر کا طیارہ ایئربس اے 350 ہکیدو کے چیٹوس ایئرپورٹ سے ہانیڈا ایئر پورٹ پہنچ رہا تھا۔ حادثے کے بعد جہاز کے تمام 367 مسافروں اور عملے کے 12 ارکان کو معجزاتی طور پر محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں ہوا جب ایک دن قبل پیر کو جاپان میں انتہائی شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر شعلوں اور دھوئیں کے بادلوں سے ڈھکے کیبن میں چیخ پکار کر رہے ہیں۔ اس کے بعد فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ تمام مسافروں کو جہاز سے نکال لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں