توشہ خانہ کیس; عمران خان اور اہلیہ بشرٰی بی بی کو 14، 14 سال کی سزا

(ایجنسیز) توشہ خانہ ریفرنس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ پاکستان کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدم موجودگی میں فیصلہ سنایا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی بھی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 1574 ملین روپے جرمانہ کیا گیا۔ وہ دونوں 787 ملین روپے فی کس جرمانہ ادا کریں گے۔ عمران خان کو 10سال کے لیے نااہلی کی سزا بھی سنائی گئی جبکہ دونوں 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے اہل نہیں ہوں گےے

پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے ان کی غیرموجودگی میں فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی گرفتاری دینے کے لیے خود اڈیالہ جیل پہنچیں جہاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو الگ الگ سیلز میں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں