تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کی تاریخی کامیابی، انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست، سرفراز اور یشسوی نے بنائے ریکارڈ

حیدرآباد (دکن فائلز) ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹسٹ میں کراری شکست دے دی جبکہ 5 میچوں کی سیریز میں ہندوستان کو 2-1 سے برتری حاصل ہوگئی۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو 434 رنز سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 557 رنز کا ہدف دیا لیکن انگلینڈ کی ٹیم چوتھے دن کے آخری سیشن میں صرف 122 رنز ہی بناسکی۔ ہندوستان کی یہ جیت تاریخی رہی۔

راجکوٹ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو جیت کےلیے 557 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگز میں انگلش ٹیم کے 6 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ مارک ووڈ 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بین فوکس اور ٹام ہارٹلی نے 16، 16 رنز بنائے۔ بین اسٹوکس نے 15 اور زیک کراؤلی نے 11 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ہندوستان کے رویندرا جڈیجا نے 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادیو 2 روی ایشون اور جسپریت بمرا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے کہ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے 445 رنز بنائے، انگلینڈ کی ٹیم 319 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

ٹیم انڈیا نے یشسوی جیسوال کی ڈبل سنچری کی بدولت اپنی دوسری اننگز 430 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ پہلی اننگز میں سنچری اور مجموعی طور پر میچ میں 7 وکٹیں لینے پر رویندرا جڈیجا کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

وہیں سرفراز نے بھی اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے ریکارڈ بنادیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچریاں بنانے کا خصوصی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ سرفراز اب ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز 50 سے زیادہ رنز بنانے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل دلاور حسین، سنیل گواسکر اور شریاس آئر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں