کرناٹک میں مسلمانوں کا تحفظ کیا جائے، ریاست کی 75 نامور شخصیات کا وزیراعل بومئی کو کھلا خط

کرناٹک میں بی جے پی حکومت کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے 75 مشہور شخصیات جن میں ادبا، مفکرین و فلمی ہستیاں شامل ہیں نے وزیراعلیٰ بسواراج بومئی کو ایک خط لکھ کر ان پر زور دیا کہ وہ مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ریاست میں امن و امان برقرار رکھیں۔

مشہور شخصیات میں فلم ساز گریش کسراولی، گلوکار ایم ڈی پلاوی، مصنفین ویدیہی، بی سریش، ایچ ایس، انوپما، ڈاکٹر تیجسوینی نرنجن اور ننجارا ارس شامل ہیں جبکہ خط میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ بومائی کو ریاست کے مسلمانوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرنی چاہئے تھی، جنہیں بار بار فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کو یہ بھی بتانا چاہئے تھا کہ رمضان کا تہوار بساوناجینتی کے ساتھ منایا جائے گا۔ اگر وہ اس طرح کہتے تو لوگوں کے دلوں کو یہ بات چھوجاتی۔ ادیبوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے ان سے ملنے اور میمورنڈم دینے کی کوشش کی تاہم ملاقات سے محروم رہے، اس لیے کھلا خط جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

معروف شخصیات نے خط میں لکھا کہ ’ہم نے کچھ خدشات اور سفارشات کو آپ کے علم میں لانا ضروری سمجھا‘۔ خط میں کہا گیا کہ ’ہمارا مطالبہ ہے کہ پولیس کو آئین کے مطابق کام کرنے ہدایت دی جائے اور فرقہ پرست طاقتوں پر قدغن لگایا جائے۔ انہوں نے متاثرین کو انصاف دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ خط میں حکومت کو فرقہ وارانہ تشدد اور ہلاکتوں کی صورت میں متعلقہ ڈی سی اور ضلع انتظامیہ و پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں