گوگل نے اسرائیلی کانفرنس میں فلسطین کی حمایت کرنیوالے انجینئر کو نوکری سے نکال دیا

(ایجنسیز) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اسرائیلی ٹیک ایونٹ میں فلسطین کی حمایت کرنے پر ملازم کو برطرف کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ٹیکنالوجی کانفرنس نیویارک میں منعقد ہوئی جہاں ایک سافٹ ویئر انجینئر کو محض اس لیے نوکری سے فارغ کردیا گیا کہ اس نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ کمپنی کی شراکت داری کے خلاف احتجاج کیا۔

گوگل کے ترجمان نے مڈل ایسٹ آئی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ کانفرنس کے دوران جب گوگل اسرائیل کے مینیجنگ ڈائریکٹر براک رجیو خطاب کررہے تھے تو اس وقت ایک سافٹ ویئر انجینئر نے زوردار آواز میں نعرہ لگایا جس سے سربراہ کے خطاب میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

اس کانفرنس کو اسرائیلی اخبار کیلکالسٹ نے اسپانسر کیا تھا جس میں اس ملازم نے باآواز بلند کہا کہ ‘میں گوگل کلاؤڈ سافٹ ویئر انجینئر ہوں اور میں ایسی ٹیکنالوجی بنانے سے انکار کرتا ہوں جو نسل کشی یا نسل پرستی کو طاقت دیتی ہے’۔

اس شخص نے کہا ‘پراجیکٹ نمبوس فلسطینی افراد کو خطرے میں ڈال سکتا ہے، میں ٹیکنالوجی بنانے سے انکار کرتا ہوں’۔

انجینئر کو نعرے بازی کرنے پر جس وقت باہر نکالا جارہا تھا، اس وقت بھی اس نے چیخ کر کہا ‘نسل کشی میں ملوث نہ ہو، ان کے لیے کام نہ کرو، فلسطین کو آزاد کرو’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں