(ایجنسیز) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 7 اکتوبر کے بعد پہلی مرتبہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی۔ پیر کو سکیورٹی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ رمضان کے مہینے میں غزہ میں جنگ فوری بند کی جائے۔ امریکہ نے قرارداد پر ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد پر امریکہ نے اپنے سابقہ موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے قراداد کو ویٹو کرنے سے گریز کیا۔ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ امریکہ ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہا۔
پاس کردہ قرارداد میں رمضان کے لیے فوری انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس قرارداد میں تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی، غزہ کی پٹی میں شہریوں کی حفاظت اور انسانی امداد کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔