(ایجنسیز) تائیوان کے مشرقی حصے میں 7.4 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز تائیوان کے ہوالیان شہر سے 18 کلومیٹر (11 میل) جنوب میں 34.8 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا جبکہ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے زلزلے کی شدت 7.5 بتائی ہے۔
تائیوان میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس نے جاپان کے جنوبی جزیروں کو بری طرح ہلا کر رکھ دیا، متعدد عمارتین منہدم ہوگئیں۔ حکام نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ تائیوان میں زلزلے سے اب تک 7 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 700 سے زائد افراد زخمی ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


