(ایجنسیز) اسرائیلی پولیس نے یہودی مذہبی رسم ادا کرنے کےلئے مسجد اقصیٰ میں قربانی کیلئے چھپا کر لائے گئے جانور ضبط کرلیے۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق جانوروں کوگاڑی کےاندر اور شاپنگ بیگ کے اندرچھپا کر لایا گیا تھا جنہیں پولیس نے ضبط کرلیا اور 13 افرادکوحراست میں لےلیا ۔
مسجد اقصیٰ میں قربانی کی رسم کی ادائیگی کے لیے دنبے اور بکروں کو چھپا کر مسجد اقصیٰ لے جانے کی کوشش کے دوران 13 انتہا پسند یہودیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہودیوں کے سخت گیر فرقہ کے انتہاپسند پیروکاروں نے مذہبی تعطیلات کے دوران بکرے اور دنبے کی قربانی کی رسم کو مسجد اقصیٰ کے احاطے ٹیمپل ماؤنٹ میں ادا کرنے کی کوشش کی۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ایسا عمل نہ کیا جائے جو قانون کو توڑے اور شدت پسندی کو ہوا دے۔ دوسری جانب اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ انتہاپسند یہودی عناصرکو مسجد اقصیٰ پہنچنے اور وہاں قربانیاں دینےکی ترغیب دی جارہی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق حالیہ برسوں میں مذہبی گروہوں نے تیزی سے مقبوضہ بیت المقدس کے مقدس مقام پر قربانی کرنے کی کوشش کی ہے۔


