غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 200 روز، 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، صیہونی فوج نے غزہ پر 75 ہزار ٹن بارود برسادیا

(ایجنسیز) غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 200 روز مکمل ہوگئے، اس دوران جنگی جرائم کی مرتکب اسرائیلی فوج نے 75 ہزار ٹن بارود غزہ پر برسایا۔ ان حملوں کے نتیجے میں 34 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کو 200 روز مکمل ہوگئے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 200 روز کے دوران غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 34 ہزار 183 افراد شہید جبکہ 77 ہزار 143 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اسرائیل کے ان وحشیانہ حملوں نے مکانات، اسپتال، مساجد، تعلیمی ادارے کچھ نہ چھوڑا اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔ حماس نے دو سو روز کو اسرائیل کی شرمناک شکست قرار دے دیا، القسام بریگیڈ نے قابض فوج کی جارحیت ختم ہونے تک آہنی مزاحمت جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب غزہ کے نصر اسپتال میں اجتماعی قبروں سے مزید لاشیں برآمد ہوئیں، جنکی تعداد 310 تک جا پہنچی ہے۔ اب خون آشام اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان میں حملے جاری ہیں، جس میں حزب اللّٰہ کے دو ارکان شہید ہوئے۔ حزب اللّٰہ نے جوابی حملے میں شمالی اسرائیل میں دو اسرائیلی فوجی اڈوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔

غزہ میں اسرائیلی جنگ کے سب سے زیادہ شکار خواتین اور بچے ہوئے ہیں، اب تک شہید ہونے والے افراد میں 14 ہزار 500 سے زائد بچے اور 9 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ شہدا کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہی کیونکہ کئی لاشیں اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں