حیدرآباد (پریس نوٹ) ناظم شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر محمد مبشر احمد نے اپنے صحافتی بیان میں تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کریں اور صد فیصد رائے دہی کو یقینی بنائیں جو کہ ہمارا دستوری اور بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی تبدیلی انتہائی ناگزیر ہے اور فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کا یہ اہم اور آخری موقع ہے۔ لہٰذا سستی اور کاہلی کا مظاہرہ نہ کریں اور پارلیمانی انتخابات میں صد فیصد پولنگ کو یقینی بنائیں۔ ووٹنگ ہماری ملی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور ملک کے موجودہ حالات میں یہ ذمہ داری دوچند ہو جاتی ہے لہٰذا ووٹنگ سے غفلت برت کر ووٹ کو ضائع نہ کریں۔
انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ قبل از وقت ہی رائے دہی کے لیے ضروری دستاویزات مثلاً پولنگ سلپ اور شناختی کارڈ وغیرہ تیار رکھیں۔ ووٹنگ کے عمل کے طریقہ کار اور پولنگ بوتھ کے مقام کی جان کاری قبل از وقت حاصل کرلیں۔ اپنے گھر والوں، رشتہ داروں اور دوست و احباب کو بھی ووٹ کی اہمیت سے واقف کروائیں۔ انہوں نے مزید نے کہا کہ ملک میں فاشسٹ طاقتیں منصوبہ بند طریقہ سے مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور اب ہمارے دستوری حقوق بھی ہم سے چھیننا چاہتی ہیں۔ ایسے میں مسلمان اگر کوتاہی اور غفلت برتیں گے تو مستقبل میں انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ پولنگ کے دن کو چھٹی کا دن نہ سمجھیں بلکہ صبح کے اولین وقت میں ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور دوسروں کو بھی متوجہ کریں۔ ہم متحدہ طور پر ووٹ کی طاقت کے ذریعہ ظالم و جابر طاقتوں کو اقتدار میں آنے سے روک سکتے ہیں، ساتھ ہی اللہ تعالی سے مدد و استعانت کے بھی طلب گار ہوں کہ وہ فاشسٹ طاقتوں اور ان کے عزائم کو ناکام کرے، ملک میں امن و امان قائم رہے، ملک ترقی کرے اور عوام خوش حال زندگی بسر کر سکیں۔