اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا

(ایجنسیز) اسپین، ناروے اور آئرلینڈ نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا۔ میڈرڈ سے ہسپانوی حکومت نے اس حوالے سے کہا کہ اسکی کابینہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے دی۔ اسپین کی حکومت کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مقصد فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو امن حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔

دوسری جانب آئرش حکومت نے کہا کہ آئرلینڈ کی کابینہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دے دی۔ ناروے نے بھی باضابطہ طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم کر لیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ کے مطابق ناروے 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطین کا سب سے پُرجوش محافظ رہا ہے۔

آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمارے اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ معاملے کا سیاسی حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل بے دخلی، محکومیت، انسانیت سوز عمل، دہشت گردی اور موت کے اس سائیکل کو توڑ دے گا جس نے کئی دہائیوں سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے۔

مائیکل مارٹن نے مزید کہا کہ پائیدار امن کو آج سے پہلے کبھی بھی اتنے خطرات لاحق نہیں ہوئے تھے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے ہم خیال شراکت داروں کے ساتھ مل کر دو ریاستی حل کو قابل عمل انداز میں تحفظ فراہم کریں۔ دوسری جانب یورپی یونین کے ایک اور اہم ملک ناروے نے بھی فسلطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے ایک بیان میں کہا کہ ناروے 30 سال سے زائد عرصے سے فلسطینی ریاست کا محافظ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ناروے نے باضابطہ طور پر فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کیا ہے اس لیے یہ ناروے اور فلسطین کے تعلقات کے لیے ایک خاص دن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں