حیدرآباد (دکن فائلز) نئے زمانہ میں بالوں کے مختلف اسٹائل نوجوانوں اور بچوں میں کافی مقبول ہیں۔ من پسند بال کٹوانے کو لیکر ایک دلخراش واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک 9 سالہ لڑکے کو ان کے والدین نے جب من پسند بال کٹوانے کی اجازت نہیں دی تو اس نے انتہائی خوفناک قدم اٹھا لیا۔ معصوم لڑکے نے خودکشی کرلی۔
یہ انتہائی دلخراش واقعہ تلنگانہ کے ورنگل میں پیش آیا۔ بالوں کی اس کی پسند کے مطابق کٹنگ نہ کرانے پر 9 سالہ لڑکے نے پہلے اپنے والد جھگڑا کیا اور پھر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ چھٹویں جماعت کے طالب علم ہرش وردھن کو والد کانتھا راؤ بال کٹوانے کے لیے ہیئر کٹنگ کی دکان پر لے گئے اور لڑکے کی پسند کے خلاف حجامت بنوا دی۔ گھر واپس آنے کے بعد لڑکے نے والد سے جھگڑا کیا اور خاموشی سے کیڑے مار دوا پی لی۔ بچے کی حالت بگڑنے پر والدین اسے قریبی اسپتال لے گئے جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اس کو حیدرآباد کے گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔


