حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد پولیس نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہر میں آوارہ کتوں کو پکڑنے کے لیے اقدامات کرنے کی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے درخواست کی ہے۔ سٹی پولیس کا یہ اقدام اس تناظر میں کافی اہم ہے کہ یہ آوارہ کتے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانور کا گوشت یا اعضا کے ٹکڑے ادھر اودھر نہ لے جائیں خاص طور پر ہندو اکثریتی علاقوں میں اس طرح کے واقعات سے کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق میں اس طرح کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں جہاں کتوں نے قربانی کے جانور کا گوشت یا اعضا کو کھانے کی غرض سے ہندو مقامات یا آبادی میں لیکر چلے جاتے ہیں، جس سے کشیدگی کے حالات پیدا ہوگئے تھے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے مقصد کے تحت پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر ایسے علاقے جہاں ہندو اور مسلم شہری آباد ہیں یہاں کے آوارہ کتوں کو فوری طور پر پکڑنے کی جی ایچ ایم سی سے درخواست کی ہے۔
گذشتہ سالوں میں بقرعید کے موقع پر کچھ علاقوں میں اس وقت کشیدگی دیکھی گئی جب مندروں میں یا اس کے قریب گوشت کے ٹکڑے پائے گئے۔ شدت پسند عناصر اسے کسی مسلم شخص کی کارستانی سمجھ لیتے ہیں جبکہ پولیس کے مطابق اکثر ایسے واقعات میں دیکھا گیا کہ آوارہ کتے اس طرح کی حرکتوں میں ملوث پائے گئے۔
حیدرآباد پولیس کمشنر کے سرینواس ریڈی نے اس سلسلے میں خاص طور پر جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں سے بات کی۔


