حیدرآباد قلعہ پر ایک مرتبہ پھر مجلس کا پرچم، بیرسٹر اسدالدین اویسی نے بی جے پی امیدوارہ مادھوی لتا کو تین لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے دی شکست

حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پانچویں مرتبہ حیدرآباد قلعہ کو فتح کرلیا۔ لوک سبھا انتخابات 2024 میں انہوں نے بی جے پی امیدوارہ مادھوی لتا کو تین لاکھ 38 ہزار 335 ووٹوں سے بڑی شکشست دی۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی کی جیت کے ساتھ ہی نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ و ملک کے مختلف علاقوں میں جشن منایا جارہا ہے۔ اسدالدین اویسی گذشتہ 20 سالوں سے پارلیمنٹ میں ملک کے مسلمانوں کی آواز بلند کررہے ہیں۔ انہوں نے ملکی سطح پر مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کےلئے حکومت سے بے باک نمائندگی کی۔

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے 11ویں مرتبہ مسلسل لوک سبھا حلقہ حیدرآباد پر شاندار کامیابی درج کی ہے۔ سب سے پہلے مجلسی امیدوار سلطان صلاح الدین اویسی نے 1984 پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد مسلسل 11 مرتبہ پارٹی کی کامیابی کا سلسلہ جاری ہے۔ مجلس کے مرحوم رہنما سلطان صلاح الدین اویسی نے حیدرآباد حلقہ سے 1984، 1989، 1991، 1996، 1998، 1999 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی طرح بیرسٹر اسدالدین اویسی نے مجلس کی جیت کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے 2004، 2009، 2014، 2019 اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے شاندار کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں