ملک کے عوام نے امن, محبت اور آئین کے تحفظ کیلئے ووٹ دیا: جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش

حیدرآباد:(پریس نوٹ) مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ ملکی انتخابات کے موجودہ رجحانات اور نتائج؛ یکسر فرقہ پرستی٬ نفرت اور بدامنی کے ماحول کو مسترد کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی عوام ہندو مسلم اور تنگ نظری پر مبنی سیاست سے تنگ آچکی تھی۔ اسے روزگار٬ امن ٬محبت اور بھائی چارگی پرمشتمل ملک اور ماحول چاہیے۔

اس موقع پر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے صدر مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی دامت برکاتہم نے کہا کہ ملک کی عوام نے پیار و محبت٬ امن و آشتی اور آئین کے تحفظ کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جب سے بی جے پی نے چار سو پار کا نعرہ دیا اور بعض بی جے پی لیڈروں کی زبانی یہ سنا گیاکہ چار سو پار اس وجہ سے ضروری ہے تاکہ آئین میں تبدیلی کی جاسکے۔ اس نے سبھی ملک کے باشندوں کو متوجہ کیا اور بڑی تعداد میں دلت اور سیکولر عوام نے ملک کے آئین کے تحفظ، گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کیا، انھوں نے مزید بتایا کہ منی پور کے بھیانک واقعات اور ملک میں بڑھتی بیروزگاری نے ملک کی عوام کو آمادہ کیا کہ وہ ان انتخابات میں صحیح افراد کو آگے لانے کیلئے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کریں۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ وہ لوگ اور پارٹیاں جو سیکولر اقدار پر یقین رکھتی ہیں؛ وہ سیکولر پارٹیوں کا ساتھ دے کر متحدہ طور پر ملک کیلئے ایک سیکولر اور انسانیت دوست حکومت بنانے کیلئے آگے آئیں گے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کے تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکریٹریز اور ذمہ داروں نے انتخابی نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا٬ساتھ ہی تلنگانہ و آندھراپردیش میں بی جے پی کی بڑھتی سیٹوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اس خصوص میں عنقریب غور و خوض کرتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں میں فرقہ پرستی کے بڑھتے اثر کو کم کرنے کے لیے موثر لائحہ عمل پر غور کرتے ہوئے اس کو بروئے کار لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں