حیدرآباد (دکن فائلز) مکہ مسجد کے قریب، چارمینار کے دامن میں اور مسجد ہمت یار جنگ بیگم کی مسجد کے بالکل سامنے سڑک پر بیٹھ کر کچھ نوجوانوں کے شراب نوشی کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اس طرح کی غلط حرکتوں کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ٹی وی نائین کی رپورٹ کے مطابق پرانے شہر میں غنڈہ عناصر کے خلاف پولیس کی نرمی سے سوال اٹھ رہے ہیں جبکہ پولیس پرانے شہر کی گلیوں میں رات بھر گھوم گھوم کر نوجوانوں کو گھروں میں بھیج رہی ہے تو دوسری طرف تاریخی مکہ مسجد و چارمینار کے دامن میں غنڈہ صفت نوجوان کھلے عام شراب نوشی میں کررہے ہیں۔ اس سے مکہ مسجد اور مغلپورہ روڈ پر واقع تاریخی ہمت یار جنگ مسجد کا تقدس پامال ہوا ہے۔
حیدرآباد کا چارمینار اور تاریخی مکہ مسجد دنیا بھر میں مشہور ہے مکہ مسجد کو جنوبی ہندوستان کی سب سے بڑی مسجد مانا جاتا ہے۔ ان سب کے باوجود اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنے میں پولیس کی ناکامی سے شہریوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے اس حرکت کی مذمت کی جارہی ہے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں مکہ مسجد کے قریب اس طرح کی حرکت سے خاص کر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔


