اسرائیل کے جنگی جرائم کا سلسلہ جاری: زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال بنالیا (ویڈیو دیکھیں)

(ایجنسیز) اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں میں بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے لا متناعی سلسلے میں ایک تازہ واقعہ سامنے آیا ہے جس نے اسرائیلی فوج کے خلاف تنقید کے دروازے کھول دیے۔ زخمی فلسطینی شہری کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا صہیونی فوج کا یہ بدترین واقعہ ہے جس نے صہیونی فوج کے نہتے فلسطینیوں کے خلاف جرائم کی قلعی کھول دی ہے۔

 اسرائیلی فوج کے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جنگی جرائم جاری ہیں، صیہونی فوجیوں نے زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر انسانی ڈھال بنالیا۔ زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر جنین کی سڑکوں پر گھمانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آگئی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک شدید زخمی فلسطینی کو فوجی جیپ کے اگلے حصے پر باندھ رکھا ہے اور گاڑی زخمی فلسطینی کو اسی حال میں غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں گشت کررہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے جنگی جرم کی ویڈیو وائرل ہونے پر اسرائیلی فوج نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ واقعہ اسرائیلی فوجی اقدار کے مطابق نہیں۔ اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ تحقیقات کی جائیں گی، زخمی کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں