بی آر ایس کے ایک اور رکن اسمبلی نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

حیدرآباد (دکن فائلز) بی آر ایس پارٹی کو ایک اور جھٹکا لگا۔ پارٹی کے ایم ایل اے ایک کے بعد ایک حکمران کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ تازہ طور پر چیوڑلہ کے رکن اسمبلی کالے یادیا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے دہلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں حکمراں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

قبل ازیں جگتیال کے ایم ایل اے سنجے کمار، تلنگانہ اسمبلی کے سابق اسپیکر اور بانسواڑہ کے ایم ایل اے پوچارام سرینواس ریڈی بھی کانگریس پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ اب تک بی آر ایس کے چھ ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔

کالے یادیا نے چیوڑلہ سے تیسری مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ 2014 میں انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے بی آر ایس کے ٹکٹ پر 2018 اور 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کانگریس کے امیدوار بھیم بھارت کے خلاف صرف 268 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں