اسرائیلی فوج نےقیامت ڈھا دی، جان بوجھ کر بے گھر فلسطینیوں پر حملے، 71 شہید

(ایجنسیز) غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس شہرمیں المواصی کے مقام پر صہیونی فوج نے آج ہفتہ کی صبح وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور 290 زخمی ہوگئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی بمباری میں ابتدائی طور پر 71 فلسطینی شہداء کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 290 کے قریب زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے مواصی میں النص چوک اور الاقصیٰ یونیورسٹی کے گول چکر کے درمیان مرکزی سڑک پر الشربجی خاندان کی رہائشی عمارت پر چھ میزائلوں سے بمباری کی۔ اس کے علاوہ طیاروں سے بھی بم گرائے گئے۔ متاثرہ عمارت میں بڑی تعداد میں بے گھر لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی اور اسرائیلی فوج نے اس جگہ کو محفوظ قرار دے کر فلسطینی شہریوں کو وہاں جمع ہونے کی ہدایت کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غز ہ پر حملے تیز کردیے جس کے بعد تل الحوا کے علاقے میں 70 افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں۔ اسرائیلی فورسز نے جان بوجھ کر غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو نشانہ بنایا اور اسرائیلی حملوں میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی دیہات میں حزب اللہ کے ٹھکانوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لیے امریکی حمایت یافتہ فریم ورک پر اتفاق کیا ہے لیکن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ابھی کام کرنا باقی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں