ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملہ میں بال بال بچ گئے، انتخابی ریلی کے دوران تھامس میتھیو نے سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی، عالمی سطح پر حملہ کی مذمت (ویڈیو دیکھیں)

(ایجنسیز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے میں ملوث شخص کی شناخت کر لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کہا ہے کہ 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس نے سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ بیان میں کہا کہ حملہ آور کا تعلق ریاست پینسلوینیا کے علاقے بیتھل پارک سے ہے۔ سیکرٹ سروس کے ایجنٹس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے شوٹر کی شناخت جاری کردی ہے۔

تھامس میتھیو کروکس کی سیاسی وابستگی واضح نہیں ہے۔ ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ تھامس میتھیو پینسلوینیا میں ریپبلکن پارٹی کے ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ تھے تاہم انہوں نے 2021 میں پروگریسیو پولیٹکل ایکشن کمیٹی کو بھی 15 ڈالر عطیہ کیے تھے جس دن جو بائیڈن نے صدارتی عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ انپر اچانک فائرنگ کی گئی۔ اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپری حصے کو چُھو کر گزر گئی۔ ٹیلی ویژن چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کان زخمی ہوا ہے اور اس سے خون بہہ رہا ہے۔

امریکی سیکرٹ سروس نے جاری بیان میں کہا تھا کہ مشتبہ شوٹر نے ریلی سے باہر کسی اونچے مقام سے سٹیج کی جانب متعدد فائر کیے۔ سکیورٹی ایجنٹس نے حملہ آور کو گولی مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔

فائرنگ کی آواز سنتے ہی سکیورٹی اہلکاروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے حصار میں لیا اور محفوظ مقام پر لے گئے۔ بعد ازاں ایف بی آئی نے فائرنگ کے واقعے کو سابق صدر پر قاتلانہ حملہ قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے بعد صدر جو بائیڈن کی انتخابی ریلی ملتوی کر دی گئی ہے۔ ریلی کی کوریج کے لیے موجود صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پانچ چھ گولیوں کی آوازیں سنیں اور وہاں موجود لوگ جان بچانے کے لیے چھپنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے ٹرمپ پر حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں