حیدرآباد میں رک رک کر بارش کا سلسلہ جاری، حسین ساگر لبریز ‘ سطح آب513 میٹر سے متجاوز

حیدرآباد (دکن فائلز) شدید بارش کی وجہ سے حیدرآباد شہر میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ کل رات ہوئی زبردست بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ کئی کالونیوں میں مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔ سڑکیں جھیلوں کا منظر پیش کررہی تھی۔ کئی علاقوں میں درخت اور برقی پول گرنے کی وجہ سے برقی سربراہی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔ زونل کمشنرس اور آفت سماوی ٹیموں کے ساتھ میئر وجئے لکشمی نے ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔
مختلف علاقوں میں بہنے والے نالوں پر خبردار کرنے والے بورڈس نصب کرنے کی ہدایت دی۔ جن مقامات پر پانی جمع ہوا ہے اس کی نکاسی کیلئے انتظامات کرنے کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔ شہر کے یوسف گوڑہ علاقہ میں سب سے زیادہ 9 اعشاریہ 8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مٹو گوڑہ میں 8 اعشاریہ دو، ماریڈ پلی میں 7 اعشاریہ 7 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں آج بھی بارش ہوسکتی ہے۔
شہر میں ہوئی بارش کی وجہ سے حسین ساگر کی سطح آب مکمل ہوگئی ہے۔ جھیل کی مکمل سطح 514 فٹ ہے ۔ اس وقت جھیل کی سطح آب 513 فٹ درج کی گئی ہے جس کی وجہ سے عہدیدار اس کے 2 دروازے کھول کر پانی نچلے علاقوں میں چھوڑرہے ہیں۔ عہدیداروں نے بہاؤ کے علاقہ میں رہنے والوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں