عمران خان پر غداری کا مقدمہ چلانے اور ان کی پارٹی تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا پاکستان حکومت نے اعلان کردیا

(ایجنسیز) پاکستان کی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر حملے کیے گئے، پاکستان کے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی (عمران خان) کا خاندان 9 مئی واقعات میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاﺅس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری اپنی اپنی لوکیشنز پر پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سات خون معاف کے نام سے ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے، بتایا جارہا ہے کہ ہم بہت طاقتور ہیں، بس اب بہت ہو گیا۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بدترین لیڈر ہے اس نے بہن بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایات ڈالی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان میں کہا ہم میثاق معیشت کرنے کو تیار ہیں، لیکن ہماری دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔
پاکستانی وزیر نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت پی ٹی آئی پر پابندی کے لئے سپریم کورٹ میں کیس دائر کرے گی، بہت واضح ثبوت موجود ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے، آئین حکومت کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں