اسرائیل کی ترک صدر کو صدام حسین جیسا حال کرنے کی دھمکی، ترکیہ کا کرارا جواب

(ایجنسیز) اسرائیل نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ان کے اسرائیل پر حملے کے بیان پر صدام حسین جیسا حال کرنے کی دھمکی دی ہے۔ قبل ازیں ترک صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے جو ہم نہیں کرسکتے۔ ہمیں اس قدر مضبوط ہونا چاہیے کہ اسرائیل، فلسطینیوں پر مظالم نہ ڈھا سکے۔ اسرائیل کو آرمینیا اور لیبیا کا حشر یاد رکھنا چاہیے۔ صدر رجب طیب اردوان نے کہا تھا کہ ترکیہ اسرائیل میں بھی داخل ہو سکتا ہے جیسا کہ ماضی میں لیبیا اور نگورنو کارا باغ میں داخل ہوا تھا۔
جس کے ردعمل میں اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’اردوان … صدام حسین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسرائیل پر حملے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں یہ یاد کر لینے دیں کہ وہاں کیا ہوا اور معاملہ کس طرح اختتام تک پہنچا‘۔ اسرائیل کاٹز نے اپنی پوسٹ میں اردوان اور سابق عراقی صدر صدام حسین کی تصویر بھی شامل کی۔
جس پر ترکیہ کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نسل کشی کرنے والے ہٹلر کا انجام یاد رکھیں۔ نیتن یاہو فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث ہیں اور ان کا انجام بھی ہٹلر کی طرح ہوگا۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے فخریہ کہا کہ ترک صدر طیب اردوان انسانیت کے ضمیر کی آواز بن چکے ہیں جسے بین الاقوامی صیہونی حلقے خاص طور پر اسرائیل دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں