حیدرآباد، سکندرآباد، سائبرآباد کے بعد اب چوتھا نیا شہر تعمیر کرنے کا اعلان: ریونت ریڈی

حیدرآباد (دکن فائلز) سینکڑوں سال کی تاریخ رکھنے والا تاریخی شہر حیدرآباد مختلف ثقافتوں اور روایات کا مرکز رہا ہے جس کی آبادی اور وسعت میں تیزی سے اصافہ ہوتا جارہا ہے۔ موتیوں کے لیے مشہور شہر حیدرآباد اب آئی ٹی اور فارما سیکٹر کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ حیدرآباد شہر میں فی الوقت ایک کروڑ سے زیادہ لوگ آباد ہیں۔

تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے حیدرآباد، سکندر آباد اور سائبر آباد کے بعد ایک چوتھے شہر کو ترقی دینے کے سرکار کے منصوبے کا اعلان کیا۔ نئے شہر موچڑلہ (Mucherla) میں تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی اور یہ ریاست کے مستقبل کا شہر ہوگا۔ حکومت نے فارما سٹی تیار کرنے اور ینگ انڈیا اسکلز یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے اراضی حاصل کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اسمبلی میں تخصیصی بل پر بحث میں مداخلت کرتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں شہر کو حفظان صحت کا مرکز بنانے کیلئے ایک ہزار ایکڑ رقبہ میں ایک ہیلتھ سٹی بنانے کی تجویز بھی حکومت کے پاس موجود ہے اور اس سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔

چیف منسٹر نے کہا کہ یہ نیا شہر رنگاریڈی ضلع کے موچڑلہ میں چار ہزار ایکڑ پر تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس چوتھے شہر کو صحت اور کھیلوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ اسے میٹرو سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ موچڑلہ میں روزگار کے بہتر مواقعوں کےلئے پلان تیار کیا جارہا ہے۔ یہاں صحت کے شعبہ کو ترقی دی جائے گی اور کرکٹ اسٹیڈیم کے علاوہ گالف کورس بھی تعمیر کیا جائے گا۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ پہلے ہی بی سی سی آئی سے موچڑلہ میں بین الاقوامی سطح کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر سے متعلق بات چیت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں