حیدرآباد (دکن فائلز) کرشنا ندی پر بنے ناگرجنا ساگر کے چھ دروازوں کو کھول دیا گیا۔ اوپری حصے میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے کرشنا ندی میں پانی کی سطح میں زبردست اضافہ ہوگیا تھا۔ سیلاب کی وجہ سے کرشنا اور اس کی معاون ندیوں پر بنے الماٹی، سری سیلم و دیگر پراجیکٹس کے دراوزے کھول دیئے گئے تھے، جس کے نتیجہ میں ضلع نلگنڈہ میں ناگرجنا ساگر میں پانی کا بڑی مقدار میں ذخیرہ ہوگیا۔
آج صبح 11 بجے ایس ای ناگیشور راؤ اور سی ای انیل کمار نے ناگرجنا ساگر کے دروازوں کو کھول کر پانی چھوڑا۔ قبل ازیں زیریں علاقے کے لوگوں کو الرٹ کردیا گیا تھا اور تین مرتبہ سائرن بجائے گئے جس کے بعد ایک ایک کرکے چھ دروازے کھول دیئے گئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ناگرجنا ساگر سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک پانی چھورا جارہا ہے۔ ساگر کے دروازے کھولنے پر کسانوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ ناگرجنا ساگر کی سطح آب 590 فٹ ہے جبکہ فی الحال پانی کی سطح 580.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیم میں پانی کی گنجائش 312.50 ٹی ایم سی ہے اور موجودہ پانی کا ذخیرہ 284.16 ٹی ایم سی بتایا گیا۔