(ایجنسیز) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی میگزین میں چھپی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان نے امریکی کانگریس کے ارکان سے گفتگو میں قتل کا خدشہ ظاہر کیا۔
’اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ خوشگوار رشتے، میری جان کے دشمن‘ وجہ بتاتے ہوئے سعودی ولیعہد نے اپنے قتل کا خدشہ ظاہر کیا۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور امریکہ کے ساتھ غیرمشروط تعاون کے معاملے پر میں اپنی جان خطرے میں ڈالی اور مجھے اس وجہ سے کسی بھی وقت نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مصر کے مقتول صدر انور سادات کا حوالہ دیا اور کہا کہ انہیں بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی پاداش میں قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی اسرائیلی تعلقات کی بحالی اور امریکہ کے ساتھ تعاون‘ کی وجہ سے وہ اپنی جان خطرے میں ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اب اسرائیل کے خلاف عربوں کا غصہ عروج پر ہے۔