راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں تلنگانہ سے کانگریس امیدوار کے طور پر ابھیشیک منو سنھگوی نے پرچہ نامزدگی داخل کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ سے راجیہ سبھا کے امیدوار کی حیثیت سے ابھیشک منوسنگھوی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ اسمبلی میں ریٹرننگ آفیسر کو اُنہوں نے پرچہ نامزدگی کے چار سیٹس داخل کئے۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، پارٹی امور کی انچارج دیپا داس منشی اور ریاستی وزرا ، ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اتم کمارریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ ابھیشک منوسنگھوی مجاہدین آزادی کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہماری ریاست سے راجیہ سبھا کیلئے اُن کی امیدواری تلنگانہ کو انصاف دلائے گی۔ سنگھوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اُنہیں توقع ہے کہ راجیہ سبھا کے انتخابات اتفاق رائے سے ہوں گے۔ تلنگانہ سے امیدوار بنائے جانے پر وہ فخر محسوس کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ وہ تلنگانہ کے حقوق کیلئے عدالت اور راجیہ سبھا دونوں جگہ لڑیں گے۔

نو ریاستوں سے تعلق رکھنے والی راجیہ سبھا کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات 3 ستمبر کو ہوں گے۔ راجیہ سبھا کے اراکین پیوش گوئل، سربانند سونووال، جیوترادتیہ سندھیا، کامکھیا پرساد، وویک ٹھاکر، راجے بھوسلے، بپلب کمار دیو، میسا بھارتی، دیپیندر سنگھ ہڈا اور کے سی وینوگوپال حالیہ عام انتخابات میں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ ضمنی انتخابات ناگزیر تھے کیونکہ انہوں نے اپنی راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

قبل ازیں تلنگانہ میں کے کیشو راؤ نے بی آر ایس پارٹی اور راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں