حیدرآباد کے پرانے شہر میں میلاد جلوس 19 ستمبر کو نکالا جائے گا، وزیراعلیٰ کی اپیل پر مرکزی میلاد کمیٹی کا اعلان، تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ عید میلاد النبیﷺ کے انتظامات کا جائزہ لینے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں میلاد جلوس 19 ستمبر کو نکالا جائے گا۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مرکز میلاد کمیٹی کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا۔ گنیش تہوار کے پیش نظر تلنگانہ حکومت اور وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی اپیل پر میلاد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس بار میلاد جلوس 19 ستمبر کو یعنیٰ 14 ربیع الاول کو نکالا جائے گا جبکہ ہر سال میلاد جلوس 12 ربیع الاول کو ہی نکالا جاتا ہے۔ مرکزی میلاد کمیٹی کے فیصلہ کی ریونت ریڈی نے ستائش کی۔

تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ کانگریس حکومت نے عیدمیلاد النبیﷺ کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں جشن میلاد النبیﷺ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ اور کابینہ کے وزراء پونم پربھاکر، سریدھر بابو، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی، تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی، ڈی جی پیجتیندر، چیف سکریٹری شانتی کماری، میئر وجئے لکشمی، مجلسی ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ مرکزی میلاد کمیٹی کے ذمہ داران مولانا شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ، مولانا سید قادر حی الدین قادری جنید پاشاہ، مولانا حافظ مظفر خان بندہ نوازی، مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید سیف اللہ حسینی باقری، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری و دیگر نے شرکت کی۔ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا گیا۔

ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں خاص طور پر حیدرآباد کے پرانے شہر میں میلاد النبیﷺ کے موقع پر مناسب انتظامات کےلئے مختلف محکوں کو ہدایت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں